کوئٹہ(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق صوبائی رہنمائوں گل زمان کاسی، ملک فیصل کاکڑ، خدائے نور خان، غفار کاکڑ، چوہدری شبیر، شایان منظور، وہاب خلجی و دیگر نے کہا کہ کوئٹہ کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے، وی آئی پیز کی گزرگاہوں کے سوا تمام سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس سے گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے اور شہریوں کو اذیت و پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے سمجھ نہیں آتا ہے کہ صوبے کو پیرس بنانےکے دعویداروں نے چار سال میں عوام کو کیا سہولیات فراہم کی ہیں کروڑوں روپےکی لاگت سے بننے والا کوئلہ پھاٹک فلائی اوور اسٹریٹ لائٹس اور حفاظتی اقدام کے بغیر کھول دیا گیا جس کی وجہ سے رات کے ٹائم کوئی بڑا سانحہ ہوسکتا ہے بیان میں صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پورے صوبے میں عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں، تعلیم اور صحت کا شعبہ بھی بری طرح تنزلی کا شکار ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیسا کے تمام جائز مطالبات منظور کئے جائیں بیان میں جشن آزادی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر پاک آرمی ، ایف سی سمیت تمام سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔