• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارگل اسکردو راستہ کھولا جائے، مودی کشمیر پر وعدہ پورا کریں ،محبوبہ مفتی

سرینگر(ایجنسیاں ) وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر سے متعلق دیئے گئے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلی مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے کہا کہ کارگل امن کی علامت ہے اوراس بات کی ضرورت ہے کہ کارگل اسکردو روڑ کو کھولا جائے تاکہ منقسم خاندان ایک دوسرے سے مل سکیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے کارگل کے دورے کے موقع پر گفتگو میں کیا ۔مخلوط سرکار بنانے کے بعد وزیر اعلی کا کرگل کا پہلا دورہ ہے ۔انہوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھاجپا کیساتھ اتحاد جموں و کشمیر میں امن قائم کرنے کیلئے کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی 15اگست کی تقریر میں مودی میں واجپائی کی جھلک نظر آئی ہے جیسا کہ مودی نے کہا کہ وہ کشمیر کے بارے میں دوبارہ سوچیں گے، اور کشمیریوں کو گلے لگائیں گے، ہمیں امید ہے کہ مودی  کشمیر سے متعلق مضبوط پالیسی لیکر آئیں گے اور اپنا وعدہ پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارگل جنگ کے بعد سرحدوں پر کشیدگی بدستور جاری ہے۔انکا کہنا تھا کہ واجپائی نے ایک امن عمل کا آغاز کیا تھا ہم امید کریں گے کہ موجودہ وزیر اعظم اسی نقش راہ پر چلیں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان اور کشمیر میں امن عمل کی شروعات کریں گے۔محبوبہ مفتی نے آر پار راستوں کے معاملے پر کہا کہ ان راستوں کو کھولنے سے ریاست میں تجارت کی بحالی ہوگی اور اس سے ریاست ایک بار پھر وسطی ایشیا کی گیٹ وے بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حفاظتی اہمیت کے راست کھولنا ایجنڈا آف الائنس میں شامل ہے اور ہم اس بات کی بھر پور کوشش کریں گے کہ کارگل اسکردو اور ترتک کھپلو راستوں کو کھولا جائے تاکہ ریاست میں امن اور تجارت کو قوفیت حاصل ہو۔ ادھر وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے پارٹی کے کارکن محمد اسحق پرے کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی فعل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔

تازہ ترین