سیکیورٹی فورسز کے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں تلاش کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللّٰہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 سالہ کیپٹن حسین جہانگیر آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، ان کا تعلق رحیم یار خان سے ہے جبکہ 36 سالہ حوالدار شفیق اللّٰہ کا تعلق کرک سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شہدا کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی جس میں کور کمانڈر پشاور، پاک فوج کے افسران، سول حکام اور دیگر شریک ہوئے۔
شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیے گئے ہیں جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔