• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف 10 ستمبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ کرینگے اور ستمبر کے تیسرے ہفتے ملتان جائینگے، جہاں وہ سینئر رہنماء مخدوم جاوید کے گھر جا کر ان سے ملاقات کریں گے۔ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں 10ستمبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ حکمران جماعت کی طرف سے عوامی طاقت کے مظاہرے کا ٹاسک امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی اور کیپٹن (ر) صفدر کو دیا گیا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف عید الاضحیٰ کے بعد دوبارہ عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ ہزارہ کے دل ایبٹ آباد سے شروع کریں گے جس کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ روز صوبائی عہدیداروں، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان اسمبلی کا ایبٹ آباد میں اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف ایبٹ آباد کے بعد ستمبر کے تیسرے ہفتے جنوبی پنجاب کے ہیڈ کوارٹرز ملتان کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ عوام سے خطاب، ارکان اسمبلی، وزراء، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گے۔ نواز شریف کے دورہ ملتان کے دوران سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی (ن) لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف سینئر رہنماء مخدوم جاوید ہاشمی کے گھر ملتان جائیں گے، بعد ازاں انہیں ساتھ لے کر جلسہ میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

تازہ ترین