روسی فوج کے جنگی طیاروں نے شام کے مشرقی شہر دیر الزور میں واقع پناہ گزین کیمپوں پرگزشتہ روز وحشیانہ بمباری کی،تازہ ترین اطلاعات کےمطابق فضائی حملے میں کم سے کم 70 عام شہری جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے بتایا ہے کہ مشرقی شہر دیر الزور میں واقع پناہ گزین کیمپوں پر روسی فوج کے جنگی طیاروں نے وحشیانہ بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 70 عام شہری جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں اطلاعات آئی تھیں کہ دیر الزور میں امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد اور روسی لڑاکا طیاروں کے الگ الگ فضائی حملوں میں28 شہری ہلاک ہو گئے تھے۔
برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے مطابق سب سے تباہ کن فضائی حملہ دریائے فرات کے مشرقی کنارے میں واقع ایک پناہ گزین کیمپ پر کیا گیا ہے۔حملے میں ایک ہی خاندان کے بارہ افرادسمیت کئی بچے بھی مارے گئے۔
انسانی حقوق آبزرویٹری کے مطابق بمباری سے دریائے فرات کے مغربی کنارے میں واقع شامی شہریوں کے خیمے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پرروسی وزارت دفاع اور اسدحکومت کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔