• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے چکن کی دکانیں بھی بند کرادیں

نئی دہلی(جنگ نیوز) بھارتی شہر گڑگاؤں میں انتہا پسند ہندوؤں نے چکن سمیت گوشت کی سیکڑوں دکانیں بند کرادیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کے شہر گڑگاؤں (گروگرام) میں انتہا پسند ہندو تنظیم شیوسینا نے اپنے مذہبی تہوار کے موقع پر دھمکیاں دے کر شہر بھر کی گوشت کی پانچ سو سے زائد دکانیں بند کرادیں یہاں تک کہ مرغی بیچنے والوں کو بھی نہیں بخشا۔

شیوسینا گڑگاؤں کے جنرل سیکرٹری ریتو راج نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نوراتری تہوار کے موقع تمام چکن اور گوشت کی دکانوں کو 9 روز کے لیے بند کرنے کا نوٹس دے دیا ہے جس کے نتیجے میں انہوں نے خود ہی دکانیں بند کردی ہیں اور جو دکان بند نہیں کرے گا اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ ہندو انتہا پسندوں نے گوشت سے بنے کھانے فروخت کرنے والے ریسٹورینٹس  اور ہوٹلز بھی بند کرادیے ہیں ۔

گڑگاؤں میں زعفرانی رنگ کے لباس میں ملبوس ہندوؤں کے مسلح جتھے گشت کررہے ہیں جن کی وجہ سے مسلمانوں کو اپنی جان کا خطرہ بھی لاحق ہوگیا اور انہوں نے تہوار کے دوران اپنی نقل و حرکت کو محدود کردیا ہے۔چکن بریانی فروخت کرنے والے تاسیم نے کہا کہ ہمیں اپنی دو دکانیں بند کرنی پڑیں کیونکہ ہمیں توڑپھوڑ اور مارپیٹ کا خطرہ ہے۔ ایک اور دکاندار نے کہا کہ مذہبی جذبات کا احترام اپنی جگہ لیکن یہ ہمارا ذریعہ معاش ہے، انہوں نے 10 روز کے لیے ہمیں کاروبار بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تازہ ترین