کو ئٹہ (خ ن)سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے گذشتہ روز گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول پرنس روڈ کوئٹہ اور گورنمنٹ ٹی بی سینی ٹوریم بروری روڈ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکولوں کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا اور غیرحاضر اسٹاف پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور موقع پر ہی مذکورہ غیر حاضر ہیڈماسٹرز کو فوی طور پر معطل کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے ان کے خلاف بیڈا ایکٹ 2011ء کے تحت فوری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے حکومت کثیر رقم خرچ کررہی ہے۔ اس شعبے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی وغفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اسٹاف کی غیرحاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام ڈویژنل ڈائریکٹر تعلیم اور ضلعی آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ضلع کے اسکولوں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کریں۔