• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون نافذ کرنیوالے ادارے کوئٹہ میں ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کریں‘ ساجد نقوی

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ میں فائرنگ اور ہزارہ قبیلے کے تین افراد سمیت پانچ شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں عرصہ دراز سے ملک دشمن عناصر تکفیری دہشت گرد معصوم شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ریاستی ادارے تاحال ہزارہ قبیلے کی ٹارگٹ کلنگ روکنے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے سمیت قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہیں۔ کوئٹہ اور اسکے نواحی علاقوں میں ایک ماہ کے دوران ہزارہ قبیلے کے افراد پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن اورخونی درندے ہیں، یہ ملک دشمن عناصر ملک میں بدامنی کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں جنہیں روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کو مزید تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جدید معلومات کو سامنے رکھتے ہوئے معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاتفریق تمام مجبوریوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کو کمزور کرنیوالے بیگناہ عوام کے قاتلوں‘ دہشت گردوں اور انکے سرپرستوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔ علامہ ساجد نقوی نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور قاتلوں کے ساتھ ساتھ اُنکے سہولت کاروں کو بھی تختہ دار پر لٹکایا جائے۔
تازہ ترین