• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

'انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ہو تو مؤثر کارروائیاں ممکن ہیں،دفتر خارجہ

Intelligence Information May Be Timely Exchange If Effective Actions Are Possible Fo

پاکستان نے کہا ہے کہ اگر انٹیلی جنس معلومات کا بروقت تبادلہ ہو تو دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ممکن ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اطلاعات پر پاک فوج نے آپریشن کر کے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا جنہیں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے باعث خطے میں مخصوص حالات ہیں، دہشت گردی مشترکہ دشمن ہے اور اس کے خلاف سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن واستحکام کے لئے ہر قسم کا کردار ادا کر رہے ہیں، ہمارا ایجنڈا مشترکہ دشمن کو شکست دینا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت، افغان سرزمین کے استعمال سے پاکستان میں دہشت گردی کا موجب ہے جب کہ چار ملکی گروپ اور قلب ایشیا کانفرنس سمیت پاکستان نے ہر فورم کی حمایت کی ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبروں کا معاملہ بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتا ہے جب کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی مایوس کن ہے، یورپی یونین انسانی حقوق کی علمبردار ہے اور بھارتی مظالم پر اس کی خاموشی تشویشناک ہے۔

ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکا جلد ازجلد حل خطے میں دیرپا امن کے لئے اہم ہے، اقوام متحدہ دیرینہ مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دراندازی کے جھوٹے اور گمراہ کن الزامات لگاتا ہے، بھارت کی منفی پروپیگنڈہ مہم کا تعلق کسی اور ملک سے نہیں پاکستان سے ہے، بھارتی الزامات کا مقصد کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو بدنام کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کے دورے پر ہے جب کہ وفد کی وزیرخارجہ اور سیکرٹری خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ایس سی او رابطہ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس میں شرکت کی جب کہ ان کا دورہ روس میں روسی حکام سے ملاقاتیں اچھی رہیں۔

تازہ ترین