• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحابہ کرام ؓ نے اپنی زندگیاںدین حق کی پاسبانی میں گزار دیں، پیرحبیب الرحمٰن محبوبی

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) الجامعہ صفۃ الاسلام بریڈ فورڈ میں شہید کربلا سیدنا حضرت امام حسینؓ اور امیر المومنین سیدنا عمر بن الخطابؓ کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لئے عظیم الشان کانفرنس فضلیت الشیخ پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی کی صورت میں منعقد ہوئی اس موقع پر پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ واقع کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانیاں اہل ایمان کو سبق دیتی ہیں کہ اصل زندگی خدا کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کر دینا ہے، صحابہ کرامؓ نے اپنی پوری زندگیاں دین حق کی پاسبانی میں گزاریں۔ خلافت راشدہ محض ایک نظام نہیں تھا بلکہ نبوت کی مکمل نیابت تھی۔ سیدنا عمر فاروقؓ کا زمانہ اسلام کی تاریخ کا ایسا سنہری دور ہے جو رہتی دنیا تک تمام حکمرانوں کے لئے ایک روشن مینار کی حیثیت رکھتا ہے۔ پیر سید شعیب حسین شاہ اور پیر سید ریاض حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے حق کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے اپنے نانا کے دین کے پرچم کو بلند کر دیا۔ محقق برطانیہ علامہ ظفر محمود فراشوی نے کہا کہ اہل بیت کے نفوس قدسیہ کا احترام نہ کرنے والے ہم میں سے نہیں ہمارے اکابرین نے حضور ﷺ کی ہر نسبت رکھنے والے کا احترام کا درس دیا ہے۔ مولانا ذوالکفل حسین صابر نے کہا کہ حق و باطل کا معرکہ تسلسل کے ساتھ ہر دور میں رہا ہے لیکن معرکہ کربلا محض شخصی جنگ نہیں بلکہ ایک نظریاتی جنگ تھی یزید اسلام کی بنیادوں سے ہٹ چکا تھا جبکہ حضرت امام حسینؓ نے کربلا کے میدان میں سجدے میں سر کٹا کرثابت کر دیا کہ وہ نانا کے دین اور شریعت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتے۔ مفتی نذیر احمد نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ظالم اور جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق ادا کرکے سچائی پر ڈٹ جانے کا واضح پیغام دیا۔ پیر سید عطاء الرحمٰن نے کہا امام حسینؓ نے کربلا کے میدان میں اپنے خاندان کی قربانی دے کر اسلام کے چراغ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے روشن کر دیا۔ کانفرنس سے مولانا سجاد رومی، حافظ طارق محمود، مولانا نوید سیالوی، قاری اعجاز احمد، مولانا صدیق الکوثر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلبیت سے محبت قرآن کریم سے ثابت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام کا دور امن و محب اور رواداری کا دور تھا، عہد حاضر میں نہیں خلفائے راشدین کے اس عظیم دور کو مشعل راہ بناتے ہوئے معاشرے میں شدت پسندی کا قلع قمع کرنا ہوگا۔ تقریب کے آخر میں پیر سید شعیب حسین شاہ نے امت مسلمہ، برما، فلسطین، کشمیر کے مسلمانوں اور استحکام پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی۔
تازہ ترین