• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس اور بھارت کی مشترکہ فوجی مشقیں کل سے شروع ہونگی

کراچی (نیوز ڈیسک) روس اور بھارت کی مسلح افواج 19تا 29اکتوبر مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیں گی۔ دونوں ممالک کی بَری، بحری اور فضائی افواج پہلی مرتبہ مشترکہ فوجی مشقوں میں شامل ہوں گی۔خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ بھارت اور روس کی تینوں مسلح افواج کی مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کے مابین زیادہ بہتر رابطہ کاری میں مدد فراہم کریں گے۔دونوں ممالک کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ مشترکہ طور پر بری، بحری اور فضائی فوجی مشقوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ دونوں ممالک کی بحری افواج سالانہ مشترکہ فوجی مشقیں کرتی رہتی ہیں۔بھارتی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ ’اندرا-2017‘ نامی یہ مشقیں روس کے مشرقی ملٹری ڈسٹرکٹ میں منعقد کی جائیں گی تاہم اس بیان میں اس عسکری مہم کے درست مقام کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق 2017ء ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا کیونکہ دونوں ممالک کی افواج کے مابین ہونے والی عسکری مشقوں کی نوعیت بدل دی گئی ہے۔بھارتی فوج کے اعلیٰ اہلکار ستیش دوآ نے ان مشترکہ فوجی مشقوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح دونوں ممالک کی افواج کو موقع ملے گا کہ وہ انسداد دہشت گردی کی خاطر کثیر الاقوامی ماحول میں کام کر سکیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان مشقوں میں بھارت کے 380 فوجی شریک ہوں گے۔
تازہ ترین