• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دعوت اسلامی دنیا کو امن و سکون کا پیغام دے رہی ہے، عمران عطاری

کوونٹری (وقار ملک) دعوت اسلامی کی دعوت دراصل اسلام و دین کی وہ سچی دعوت ہے جس سے دنیا میں امن و سکون پیدا ہوسکتا ہے، ہمیں انسانیت کی بھلائی اور اپنی نوجوان نسل کا مستقبل روشن کرنے کے اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ خدا اور اس کے رسولؐ کی خوشنودی حاصل ہو۔ ان خیالات کا اظہار دعوت اسلامی کے مرکزی نگراں شوریٰ حاجی عمران عطاری نے کوونٹری میں فیضان اسلام مسجد و سینٹر کی افتتاحی تقریب سے میں کیا، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے گریبان میں جھانکیں اور دیکھیں کہ اللہ کو راضی کرنے کے لیے ہم نے کیا اقدامات کیے،کیا ہم رسولﷺ کے اسوۂ حسنہ، ان کی پسند نہ پسند کے ساتھ ساتھ ان کی زندگی گزارنے کے طریقہ کار سے آگاہ ہیں۔ بدقسمتی سے ہم نے دنیا میں اپنی ضروریات زندگی کو پورا کرنے کے لیے اپنے آپ کو وقف کر رکھا ہے، سوچنا یہ ہے کہ کیا ہم نے آخرت کی تیاری کے لیے بھی سامان تیار کر رکھا ہے کہ نہیں، حاجی عمران نے کہا کہ کوونٹری کے عوام کے لیے فیضان اسلام مسجد و سینٹر ایک بہترین تحفہ ہے، آپ سب متحد، منظم ہوکر اس سینٹر سے پھول اور خوشبو نچھاور کریں، ایک ایسی مثال بن کر ابھریں جو دوسروں کے لیے سبق آموز ہو، بالخصوص اپنے نوجوان تیار کریں جو بے راہ روی سے چھٹکارا حاصل کرکے امن و سکون، خوشحالی اور ترقی کی طرف راغب ہوں، بزرگوں، بڑوں، والدین کی عزت کریں جس ملک میں رہ رہے ہیں اس ملک کے قوانین کی پیروی کریں، دعوت اسلامی امن و آشتی کی خواہش مند ہے، ہمارا پیغام مدنی یہ ہے کہ اپنی اصلاح کرو اور اسلام کی رسی کو تھام لو، اس میں ہم سب کی فلاح ہے۔ اس موقع پر کوونٹری مرکز کے نگراں محمد طاہر عطاری نے سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے گفتگو کی اور بتایا کہ اسے مکمل کرنے میں مزید کتنی لاگت آئے گی، انہوں نے مرکز کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ تقریب میں دیگر مساجد کے علما، کمیٹی کے صدر و اراکین، مقامی کونسلرز، سول سوسائٹی و این جی اوز کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تازہ ترین