• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت خطرے میں ہے، سیاستدانوں کو بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پی پی رہنما

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) پاکستان میں جمہوریت کو پروان چڑھانے اور بحالی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانی قربانیوں کی ایک لازوال داستان ہے، بے نظیر بھٹو شہید جب خطرات کے باوجود کراچی ائرپورٹ پر اتریں تو عوام کا سمندر استقبال کے لئے سڑکوں پر نکل آیا۔ جب قافلہ کارساز کے مقام پر پہنچا تو بم دھماکے سے تقریباً ڈیڑھ سو سے زائد جاں نثار کارکنان نے جام شہادت نوش کیا۔ ہم اٹھارہ اکتوبر کو اپنے ان عظیم قومی سپوتوں کو سلام عقیدت پیش کرنے کے لئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کرکے ملی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے مشیر خواجہ کلیم الرحمٰن، کوآرڈینیٹر ساجد قریشی، عالم پنوار نے پاکستانی کمیونٹی سنٹر لانگ سائیڈ مانچسٹر میں رکھی گئی تقریب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی قدرو قیمت پیپلز پارٹی سے بڑھ کر کوئی سیاسی جماعت نہیں جان سکتی، آج پھر جمہوریت خطرے میں ہے اس کی بنیادی وجہ نااہل حکمران ہیں جو صرف بادشاہت کے نظام پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارے نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری ایک ولولہ انگیز قیادت کے حامل ہیں، مستقبل ہماری جماعت کا ہے ان کی قائدانہ صلاحیتوں میں بانی قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو شہید جیسی جرأت، بہادری، سیاسی شعور اور ذہانت کی جھلک عیاں ہے۔ پاکستان میں سیاستدانوں کو بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور جمہوری نظام کے تسلسل کی خاطر قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہئے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا واحد حل قانون و انصاف، اہلیت و قابلیت کی بالادستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ایک بار پھر کمال سیاسی حکمت عملی سے جماعت کو مضبوط بنانے کے لئے دن رات مصروف عمل ہیں، آئندہ ہم مرکز میں حکومت بنا کر پاکستان کے مسائل کو حل کروائیں گے۔ پاکستان کی ترقی اور حقیقی جمہوریت میں ہمارے لیڈران اور کارکنان کا خون شامل ہے جو ضرور رنگ لائے گا۔ ہم سانحہ کارساز کے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ اس موقع پر محمد طفیل، شیخ سعید، محمد صفدر، محمد اقبال، محمد انور و دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین