پشاور (سٹی رپورٹر) پاکستان ورکرز فیڈریشن نے کوئٹہ میں تودہ گرنے کے باعث کان کنوں کی اموات پر تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق مزدوروں کے ورثاء کو معاوضہ دیا جائے ۔ پی ڈبلیو ایف خیبر پختونخوا کے صدر رازم خان نے کہا کہ کوئٹہ میں واڑی سے تعلق رکھنے والے آٹھ کان کن تودہ گرنے کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ کئی مزدور تاحال لاپتہ ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ اکثر کانوں میں مالکان کی جانب سے مزودوروں کو حفاظتی آلات کی فراہمی نہیں کی جاتی اور آئے روز اس طرح کے حادثات رونماہوتے ہیں ، پی ڈبلیو ایف نے اس سلسلے میں کئی بار احتجاج کیا جبکہ مالکان اور صوبائی ووفاقی حکومتوں کو بھی تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا لیکن مزدوروں کو تحفظ دینے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت تمام جاں بحق افرادکے ورثاء اورزخمی افرادکو بھاری معاوضہ دے جبکہ کانوں کے مالکان مزدوروں کو حفاظتی آلات کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔