وزیرداخلہ احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے دی نیوز کے رپورٹر احمد نورانی کے گھر جا کر ان کی عیادت کی۔
احسن اقبال نے ملزمان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وعدہ کیا، احمد نورانی پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کردی گئی ہے، حملے کے خلاف ملک بھر میں صحافی سراپا احتجاج ہیں ۔
وزیرداخلہ احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے دی نیوز کے رپورٹر احمد نورانی کے گھر آکر ان کی عیادت کی۔
اس موقع پر احسن اقبال نے ملزمان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وعدہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ احمد نورانی پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کردی گئی ہے، 6مشکوک افراد کی تصاویر نادرا کو بھیج دی گئیں، ملزمان کی تصویریں سیف سٹی کیمرے سے حاصل کی گئیں، پولیس کی خصوصی ٹیم بھی ملزمان کی تلاش میں سرگرم ہے۔
حملے کے خلاف ملک بھر میں صحافی سراپا احتجاج بن گئے، تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں صحافی برادری نے مظاہرے کیے۔
ادھر پولیس نے دی نیوز کے سینئر صحافی احمد نورانی پر حملے کے ملزمان کے خاکے جاری کردیے ہیں، حملے کے ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والے کے لیے 2لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کردیا گیا۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے اشتہار ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کی طرف سے جاری کیا گیا جس میں پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے متعلق اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
پولیس کے مطابق احمد نورانی پر حملے کے ملزمان کے متعلق اطلاع فون نمبر 0519108084 پر دی جاسکتی ہے۔