• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’خوش قسمت ہوں، دوسال میں بانڈز پر 123 انعام نکلے‘‘ برطانیہ میں 6کروڑ کا گھر خریدنے والے پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو منی لانڈرنگ پر 22ماہ قید کی سزا

لاہور(آصف محمود ) برمنگھم میں ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو منی لانڈرنگ کے جرم میں 22ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ۔ اس کا دعویٰ تھا کہ اس کے 123 پاکستانی پرائز بانڈز پر انعام نکلے جن سے اس نے برطانیہ میں 6کروڑ روپے مالیت کا گھر خریدا۔برمنگھم کے 44سالہ کاشف علی خان کو برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) نے اکتوبر 2009میں پہلی مرتبہ اس وقت گرفتار کیا جب وہ 74ہزار 830پاؤنڈ (ایک کروڑ روپے ) کسی شخص کو پکڑا رہا تھا ۔ کاشف علی خان نے تسلیم کیا کہ اس نے اس رقم کی منی لانڈرنگ کی ہے۔ 2012اور 2013کے دوران دبئی سے کاشف علی خان کے اکاؤنٹ میں 4لاکھ 12ہزار پاؤنڈ (6کروڑ روپے )کی مختلف بھاری ٹرانزیکشنز ہوئیں ۔ کاشف علی خان کی تفتیش میں نیشنل کرائم ایجنسی کو شواہد ملے کہ اس نے پاکستان میں لوگوں سے ایسے پرائزبانڈ خریدے تھے جن پر انعام نکلے ہوئے تھےلیکن برطانوی تفتیش کاروں کو بیان میں اس نےکہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہے کہ اس کے 2012.13میں پاکستانی پرائز بانڈز پر 123انعامات نکلے ۔ اس رقم سے اس نےبرمنگھم میں 6کروڑ روپے مالیت کا گھر خریدا۔ برمنگھم کراؤن کورٹ میں نیشنل کرائم ایجنسی کے تفتیش کاروں نے شواہد پیش کئے کہ کاشف علی خان نے 123پرائز بانڈز جن پر انعامات نکلے تھے بلیک مارکیٹ کے مختلف ایجنٹوں سے خریدے اورکیونکہ وہ اپنی بلیک منی کو وائٹ کر کے برطانیہ لانا چاہتا تھا ۔نیشنل کرائم ایجنسی کی طرف سے ٹھوس ثبوت پیش کرنے پر برطانوی عدالت نے کاشف علی خان کومنی لانڈرنگ کے جرم میں 22ماہ قید کی سزا سنا دی ۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے تفتیش کار فل ہاؤٹن نے بتایا کہ کاشف علی خان نے انتہائی شاطرانہ طریقہ سے یہ سنگین جرم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرائم برطانیہ کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں جن سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔
تازہ ترین