• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ دن بھی گزرجائینگے،مریم نوازنے نواز شریف کاکندھاتھپتھپایا

اسلام آباد(ایوب ناصر ، بلال عباسی) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیشی کے دوران کمرہ عدالت میں جنگ اور دی نیوز اخبار کا مطالعہ کرتے رہےاوراخباروں کی سرخیوں پر ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو بھی کرتے رہے۔بدھ کو نواز شریف پانچویں بار احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لیے 8بج کر53منٹ پر کمرہ عدالت میں داخل ہوئے، مریم نواز اور کیپٹن صفدر بھی ان کے ہمراہ تھے ،کمرہ عدالت میں پہنچنے کے بعد تینوں ملزمان پہلی مرتبہ اکٹھے احتساب عدالت کے جج کی کرسی کے سامنے لگی ہوئی نشستوں پر بیٹھے تاہم کچھ دیر کے بعد کیپٹن صفدر پچھلی نشستوں میں سے ایک نشست پر بیٹھ گئے، جس کے بعد پرویز رشید اس نشست پر بیٹھ گئے۔فرد جرم عائد کرنے کے لیے جب نواز شریف کو روسٹرم پر بلایا گیا تو وہ 20 منٹ تک فرد جرم کے نکات سنتے رہے اور اس پر اپنے جذبات کا اظہار بھی کرتے رہے، جب وہ اپنی نشست پر واپس آئے تو ان کی صاحبزادی نے ان کا کندھا تھپتھپاتے ہوئے کہا کہ پریشان نہ ہوں،یہ دن بھی گزر جائیں گے۔ سماعت کے دوران مریم نواز اور مریم اورنگزیب کمرہ عدالت میں آپس میں جملوں کے تبادلے کے بعد مسکراتی رہیں ۔
تازہ ترین