• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کے روز لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جبکہ ان کے ہمراہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر بھی موجود تھے۔اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل او سی پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور عام شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں سال بھارت کی طرف سے 1140مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔ جس کی وجہ سے 41شہری جان کی بازی ہار گئے اور 247شدید زخمی ہوئے جبکہ املاک کو پہنچنے والے نقصان کا کوئی حساب نہیں ہے۔وزیر اعظم نے بھارتی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر اْنہوں نے شہری آبادی کے تحفظ کیلئے بنکر بنانے کیلئے فنڈز کی منظوری دی اور شہدا کے اہل خانہ اور زخمیوں کی امداد کیلئے فنڈز میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔وزیر اعظم کا آرمی چیف کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ نہایت خوش آئند ہے۔ ملک کو درپیش مسائل کے پیش نظر یہ اتحاد اْن تمام مسائل کا حل بھی ہے اور اندرونِ و بیرونِ ملک موجود دشمنوں کو اس امر کا واضح پیغام بھی ہے کہ پاکستانی قوم اور اس کے تمام ریاستی ادارے ملک کی بقا و سلامتی کے لیے پوری طرح متحد ہیں۔ بلا شبہ ہماری سول و ملٹری قیادت کی جانب سے یک جہتی کا یہ مظاہرہ وقت کی بڑی ضرورت ہے اور اس رجحان کو آنے والے دنوں میں مزید نمایاں ہونا چاہیے تاکہ وطنِ عزیز میں سول ملٹری اختلافات کی افواہیں پھیلاکر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کی خواہش کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ اداروں میں اختلافات کا ہونا فطری بات ہے لیکن انہیں افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے اور قومی انتشار کا سبب نہیں بننے دیناچاہئے۔

تازہ ترین