• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں یومیہ 2دو لاکھ لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت کا انکشاف

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان ڈیری فارمز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر الطاف حسین گجر نے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ پرائس کنٹرول کمیٹی کو تحلیل کرکے حقیقی نمائندوں اورمثبت سوچ رکھنے والے افراد پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے اور عوام کو خالص اور معیاری دورھ کی مقررہ قیمت پر فروخت کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں سیل پوائنٹ قائم کئے جائیں ، یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں آبادی کے مطابق شہر میں دودھ کی طلب تقریباً 4 سے 5 لاکھ لیٹر یومیہ ہے جبکہ کوئٹہ میں ڈیریفارمز سے دودھ تقریباً دو سے اڑھائی لاکھ لیٹر یومیہ آرہا ہے باقی ضرورت کو پانی کی ملاوٹ اور بھارت سے درآمد شدہ کیمیکل پاؤڈر سے پورا کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ڈیری فارمز کی تعداد 500 کے لگ بھگ ہے جہاں سے ملاوٹ سے پاک اور صاف دودھ فراہم کیا جاتا ہے جس کو ملک شاپ ایسوسی ایشن اینڈ سپلائرز ، ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی بھی تسلیم کرتی ہے مگر اس کے باوجود کچھ عناصر اور ملاوٹ مافیا صرف اور صرف بلیک میلنگ اور میڈیا میں زندہ رہنے کیلئے آئے روز من گھڑت بیانات سے ضلعی انتظامیہ اور ڈیری فارم مالکان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں انکے پاس ان کی باتوں کا کوئی جواز یا ثبوت نہیں بلکہ صرف بلیک میلنگ کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں دودھ ڈیری فارم سے 85.40 روپے فی لیٹر پڑتا ہے جس میں ہمارا نفع شامل نہیں اور اگر ہم اپنا سرمایہ جو اس کاروبار میں لگایا ہے اسکا حساب لگایا جائے تو یہ تقریباً 95 سے 100روپے فی لیٹر بنتا ہے جبکہ یہ سب کرنے کے باوجود ہمیں چھ مہینے انتظامیہ کو اس بات پر قائل کرنے میں لگے کہ ہمیں ہمارا جائز ریٹ دیا جائے لیکن پھر بھی ہمیں 83.5 روپے فی لیٹر کا ریٹ دیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر موجودہ پرائس کنٹرول کمیٹی کو تحلیل کرکے مثبت سوچ رکھنے والے افراد کو پرائس کنٹرول کمیٹی میں شامل کیا جائے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو معیاری دودھ کی فراہمی کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں سیل پوائنٹ دیئے جائیں تاکہ عوام کو مقررہ قیمت پر خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے، ۔
تازہ ترین