• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ختم نبوت قانون کی ترمیم میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے، دلیرباد شاہ

برمنگھم( نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن علما مشائخ یوتھ ونگ برطانیہ پیر سید دلیر بادشاہ بخاری نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں ختم نبوت میں ترمیم کرنے والے کرداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پاکستان کی ریاست اسلام کے نام پر وجود میں آئی آج ایسے اقدامات کرنے سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے برمنگھم میں جنگ سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ پیر سید دلیر بادشاہ بخاری نے کہا کہ اگرچہ میرا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے اور ہم نے سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کی استحکام پاکستان اور تعمیر وترقی پر کاوشوں کو سراہتے ہیں لیکن ہماری نسبت اور محبت کا تقاضا یہی ہے کہ ہم بحیثیت مسلمان حضور اکرم حضرت محمد ﷺ کو آخری نبی مانیں اور یہی ہمارا ایمان ہے۔ سیاسی کردار اپنی جگہ ہے مگر تحفظ ناموس رسالت لبیک یا رسول اللہ تحریک کے تمام مطالبات حکومت کو ماننے ہوں گے اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کے تمام مطالبات درست ہیں اور دھرنے کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتا ہوں۔
تازہ ترین