• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سندھ کی نااہلی، سندھ اسمال انڈسٹریز میں 567 افسران و ملازمین غیرقانونی بھرتی ہونے کا انکشاف

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کی نااہلی یا سیاسی مداخلت،گھریلو صنعت کو فروغ دینے کے لئے قائم کردہ سندھ اسمال انڈسٹریز میں بغیر اشہارات کے 567 افسران و ملازمین کے غیرقانونی طور پربھرتی ہونے کا انکشاف‘ ادارے کے افسران کی جانب سے بغیرا شتہارا ت تمام ریجنز میں سینکڑوں بھرتیاں کرکے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان، دوسری جانب محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس کی جانب سے تحقیقات بھی سرد خانے کے نذر کردی گئیں جبکہ ادارے میں سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف افسران کو غیرقانونی طور پر آؤٹ آف ٹرن پروموشن دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے، تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے متعدد شہرو ں میں سندھ اسمال انڈسٹریز کے 20 سے زائدادارے و یونٹس قائم کئے گئے تھے جن میں ہزاروں کی تعداد میں ملازمین بھرتی کئے گئے، بھرتی ہونے والے سینکڑوں ملازمین ایسے ہیں جن کو بھرتی کرنے کے لئے قوانین پر عملدآمد نہیں کیا گیا۔ جنگ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق حیدرآباد ریجن میں 94، کراچی ریجن ہیڈ آفس، انجینئرنگ سیل اور شاپس میں 108، سکھر میں 78، لاڑکانہ میں 90،سی ٹی سی نصرپور میں 4 ملازمین کو بھرتی کرنے سے قبل مذکورہ اسامیوں کو پر کرنے کے لئے اشتہارات نہیں دیئے گئےاور سیاسی اقرباپروری اور گٹھ جوڑ کے تحت ایک سے 17 گریڈ کے 567 افسران و ملازمین کو غیرقانونی طور پر بھرتی کیا گیاجنہوں نے تنخواہوں کی مد میں قومی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ جنگکو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق آئی ٹی سیکشن،انجینئرنگ سیل،ایڈمنسٹریشن،آئی اینڈ سی ڈپارٹمنٹ،کیئر ٹیکر،ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں بوگس ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات بھی سرد خانے کی نذر کردی گئی ہے، دوسری جانب سپریم کور ٹ آف پاکستان کی جانب سے آؤٹ آف ٹرن پروموشن حاصل کرنے والے افسران و ملازمین کی تنزلی کرکے اصل عہدوں پر بھیجنے کے واضح احکامات ہیں مگر سندھ اسمال انڈسٹریز کی جانب سے آؤٹ آف ٹرن پروموشن پانے والے 19،18اور 17سمیت دیگر گریڈز کے ملازمین کو تاحال اصل عہدوں پرتعینات نہیں کیا گیا بلکہ ان کو تاحال پروموشن دیئے جارہے ہیں آڈیٹر جنرل آف سندھ کی جانب سے سندھ اسمال انڈسٹری میں مذکورہ سینکڑوں ملازمین کی غیرقانونی بھرتیوں کی جانچ کے لئے متعلقہ حکام سے ملازمین کے کاغذات کی تصدیق،انٹرویو،تحریری امتحان اور شارٹ لسٹ ہونے والے ملازمین کو تفصیلات جمع کرانے کی ہدایات جاری کیں گئیں مگر تاحال کسی قسم کی پیشرفت نہیں ہوسکی۔
تازہ ترین