کوئٹہ(اے پی پی )ڈپٹی میئرمحمدیونس نے کہاہے کہ کوئٹہ پیکیج کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک جام کامسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہوجائے گا۔10 ارب روپے کی خطیررقم سے سریاب روڈ،سبزل روڈ،جوائنٹ روڈ ،گوالمنڈی چوک ،مشرقی بائی پاس ،جی پی او چو ک پرپل اورسٹرکوں کی چوڑائی کے منصوبے مکمل ہونگے ۔ٹرانزٹ ٹرین منصوبے کا پیپرورک مکمل ہوگیاہے سٹی نالے منصوبے پرجلد آغاز ہوگا۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شاہدخاقان عباسی کے حالیہ دورہ کوئٹہ کے موقع پر بلوچستان کے لیے 10 سالہ پیکیج پرعمل درآمد سے صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل حل ہونگے سابق وزیراعظم محمدنوازشریف نے 5 ارب روپے کوئٹہ کی خوبصورتی کے لیے دیئے جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید 5 ارب روپے شامل کرد یئے ہیں اس طرح 10 ارب روپے کی لاگت سے کوئٹہ پیکیج پرعمل درآمد شروع کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ مٹن مارکیٹ کے حوالے سے پلاننگ کررہے ہیں جبکہ کوئٹہ میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت نے مانگی ڈیم منصوبہ پرکام شروع کردیاجوتین برس میں مکمل ہوگا ۔اسی طرح کوئٹہ کے کونسلروں کوترقیاتی مد میں 50 کروڑروپے کی خطیر رقم جاری کردی ہے جس سے وہ اپنی یونین کونسل میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرینگے جس سے عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔