• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما پیپرزمیں دیگر افراد کیخلاف تحقیقات، نیب اور وفاق کو نوٹس جاری

Notice Issued Against Investigators Nab

سپریم کورٹ نے پاناما لیکس میں شامل تمام پاکستانیوں کیخلاف درخواست پر وفاق اور نیب کو نوٹسز جاری کر دیے،عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ کرپشن جیسی خوفناک بلا کو ختم ہونا چاہیے یہ معاملہ جامع تحقیقات کا ہے۔

جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پاناما لیکس میں شامل 436 پاکستانیوں کیخلاف کارروائی کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور طارق اسد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

سماعت کے آغاز میں طارق اسد ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ کرپشن کر کے پاناما میں کمپنیاں بنانے والوں کے خلاف بلا تفریق کاررروائی ہونی چاہیے،ٹیکس بچانے کے لیے یہ کمپنیاں بنائی جاتی ہیں۔

جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے آمدن سے زائد اثاثوں کے مالکان کے خلاف کارروائی ہی اصل مقدمہ ہے،پر اس کا تعین نیب نے کرنا ہے۔

عدالت کا کہنا تھاکہ ریاست کے ہر ادارے میں کرپشن پائی جاتی ہے، کرپشن کی روک تھام کے لیے حقیقی اقدامات کی ضرورت ہے۔

سپریم کورٹ نے امیر جماعت اسلامی اور طارق اسد ایڈووکیٹ کی درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے وفاق اور نیب کو نوٹس جاری کردیے۔

کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔

تازہ ترین