• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹونیا میں پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھیرتی ثقافتی شام

Cultural Color Of Pakistani Culture In Estonia

یورپ کی بالٹیک ریاست اسٹونیا کے دارالحکومت تالین میں ’پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کی غرض سے ایک پروقار شام سجائی گئی ۔

تقریب میں اسٹونیا کے باشندوں کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور اسٹونیا میں مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔

پروگرام کے منتظمین ڈاکٹریارمحمد مغل، عمیرملک، نوید شاہ اور ثاقب نوید نے شرکا کو پاکستانی ثقافت، تاریخ، روایات اور اسٹونیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔

اس دوران نمائش کے لیے رکھے گئے پاکستانی آرٹ کے نمونے اور دستکاری کا سامان بشمول کھسہ، اجرک، شال، سندھی اور چترالی ٹوپی، چوڑیاں، ہاتھ سے بنے ہوئے بیگ اور دیگر اشیاء بھی شرکا کی دلچسپی کا باعث رہیں۔

بعض شرکاء نے پاکستانی ملبوسات پہن کرپاکستانی و مشرقی روایت کا اجاگر کیا جبکہ متعدد افراد نہ صرف پاکستانی کھانوں سے جی بھر کے لطف اندوز ہوئےبلکہ انہوں نے کھانوں اور ذائقوں کی تعریف بھی کی۔

پاکستان اسٹونیا ایسویسی ایشن کے صدر ڈاکٹریار محمد مغل نے شرکاء کو اسٹونیا میں پاکستانی کمیونٹی اور ایسوسی ایشن کے بارے میں بریفنگ دی۔ انھوں نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور پاکستان و اسٹونیا کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کے پہلے معاہدے کے بارے میں بریف کیا۔

تقریب کے دوران ہی اسٹونیا کی ایک شہری خاتون ’پیرٹ‘ نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں ہونے والے خوشگوار تجربات سے شرکا کو آگاہ کیا۔

انھوں نے دیگر لوگوں کو بھی پاکستان جانے اوران تجربات کا مشاہدہ کرنے کا مشورہ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں کی مہمان نوازی قابل تعریف ہے اور پاکستان کے خوبصورت اور حسین مناظر بشمول شمالی علاقہ جات اور بلند بالا پہاڑ دیدہ زبیب ہیں۔

تقریب کے دوران منتظمین نے پاکستان کی تاریخ، تہذیب و ثقافت، کھانوں اور خوبصورت مقامات سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

تازہ ترین