• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے آر ایل ٹیم قائداعظم فٹ بال کے سیمی فائنل میںپہنچ گئی

Krl Team Qualify For Qauid E Azam Football Event

وسیم شہزاد کے فیصلہ کن گول کی بدولت سابق قومی چیمپئن اور ٹورنامنٹ کی ٹاپ فیورٹ ٹیم خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل) نے اشرف شوگر ملز کوصفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دیکر قائداعظم ڈپارٹمنٹل فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں اشرف شوگر ملز کے کھلاڑیوں نے کئی بار قومی چیمپئن بننے والی ٹیم کے آر ایل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

میچ کے آغاز سے ہی کے آر ایل کا پلہ بھاری تھا لیکن مخالف ٹیم کی دفاعی لائن اور گول کیپر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے تمام حملے ناکام بنائے۔

34 ویں منٹ میں بالاخر کے آرایل کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا اور اسٹرائیکر وسیم شہزاد نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کے آر ایل کو برتری حاصل رہی۔

دوسرے ہاف میں اشرف شوگر ملز کے کھلاڑیوں نے میچ میں واپس آنے کی بھرپور کوششیں کیں اور کے ار ایل کے گول پر حملے بھی کئے لیکن انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔

منگل کو ٹورنامنٹ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل کے پی ٹی اور سوئی نادرن گیس کمپنی کے درمیان سہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا۔

 

تازہ ترین