کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق ایم این اے سید ناصر شاہ ہزارہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ کو نئی مردم شماری کے بعد چار اضلاع میں تقسیم اور قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر ہزارہ قومی جرگہ کے سربراہ حاجی عبدالقیوم چنگیزی ، حاجی محمد حسین ہزارہ و دیگر بھی موجود تھے ،سید ناصر علی شاہ ہزارہ نے اپنے پانچ مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کو نئی مردم شماری کے تحت چار ضلعوں ، 12تحصیلوں میں تقسیم کیا جائے کوئٹہ کی آبادی کو مدنظر رکھ کر یونین کونسل اور وارڈ کی تعداد کو دوگنا کیا جائے ،شہر کی 23 لاکھ کی آبادی کو مدنظر رکھ کر صوبائی اسمبلی کی چھ نشستوں کو 12 کیا جائے ، الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق 7 لاکھ کی آبادی پر قومی اسمبلی کی ایک نشست بنتی ہے اس قانون کو مدنظر رکھ کر کوئٹہ کو قومی اسمبلی کی تین نشستیں دی جائیں ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ آبادی کے لحاظ سے صوبے کا سب سے بڑا ضلع اور بلوچستان کا دارالحکومت بھی ہے ، اس وقت شہر کی آبادی 23 لاکھ ہوگئی ہے مردم شماری کا مقصد عوام کو آبادی کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی خیبر پختونخوا واقعہ قابل مذمت ہے کوئٹہ میں آج ٹیکسی پر فائرنگ کی گئی اب تک کی اطلاع کے مطابق تین افراد زخمی ہوئے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں وزیرداخلہ کا یہ بیان کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ ختم ہوچکی ہے یہ ناکامی چھپانے کیلئے ہے حکومت ہمیں تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے ۔