• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیض آباد دھرنےمیں توڑ پھوڑ سے متاثرہ فیض آباد میٹرو سٹیشن تاحال بند

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کے دوران توڑ پھوڑ کا نشانہ بننے والا فیض آباد میٹرو بس اسٹیشن تاحال عوام کیلئے اوپن نہیں ہو سکا، اور مزید ڈیڑھ ماہ بند رہے گا۔ میٹرو بس منصوبہ کو آپریشنل ہونے کے بعد سے اب تک احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کا نشانہ بنانے کے باعث کم از کم 35ملین روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کے دوران فیض آباد اسٹیشن، شمس آباد اسٹیشن اور آئی جے پی اسٹیشن متاثر ہوئے تھے۔ میٹرو بس سروس تو دھرنا ختم ہونے کے بعد بحال ہو گئی تھی لیکن فیض آباد اسٹیشن ابھی تک بند ہے۔ تحریک لبیک دھرنا سے میٹرو بس منصوبہ کو کم از کم 18سے 20ملین روپے کا نقصان ہوا ہے۔ سب سے زیادہ نقصان فیض آباد اسیشن کو پہنچایا گیا جہاں ٹکٹنگ مشین، شیشے، سکیورٹی کیمرے اور آٹو میٹک گیٹس سب ٹوٹے ہوئے ہیں جن کی بحالی کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔ میٹرو بس اتھارٹی پنجاب کے جنرل منیجر آپریشنز عزیر شاہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ میٹرو اسٹیشن فیض آباد کی بحالی کم از کم 45دن تک ہو سکتی ہے۔ توڑ پھوڑ کے بعد صورتحال ایسی ہے کہ عوام کیلئے خطرات ہو سکتے ہیں اسلئے ہم اسے کھولنے کا رسک نہیں لے سکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپرا رولز کے تحت اشتہار اور ایویلوایشن اور کام ایوارڈ ہونے کا عمل کم از کم ایک ماہ کا ہے جس کے بعد کنٹریکٹر کام کرنے کا وقت لے گا۔ کمپنیاں شارٹ لسٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک کا تخمینہ 18سے 20ملین روپے کا ہے تاہم حتمی لاگت بڈنگ کے وقت طے ہو گی۔ ادہر منیجر آپریشن پاکستان میٹرو بس سروس راولپنڈی اسلام آباد مس شمائلہ نے بتایا کہ ٹکٹنگ مشین باہر سے منگوانی ہے جس کیلئے پراسیس کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیض آباد اسٹیشن بند ہونے سے میٹرو بس سروس کو روزانہ کم از کم 25ہزار مسافروں (پانچ لاکھ روپے روزانہ ریونیو) کا نقصان ہو رہا ہے جو اب اسٹیشن بند ہونے کے باعث مسائل و مشکلات کا شکار ہیں اور ان کو متبادال راستوں کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔ میٹرو بس سروس کے کل مسافروں کا دس فیصد فیض آباد اسٹیشن سے منسلک ہے۔ ادہر میٹرو بس اتھارٹی ذرائع کے مطابق اب تک دو احتجاجوں میں میٹرو بس سروس کو نقصان پہنچایا گیا‘ پہلے سنی تحریک کے دھرنے میں کم از کم 14ملین روپے کا نقصان ہوا اور پریڈ گرائونڈ اسٹیشن بند رہا تھا۔ اب تحریک لبیک کے دھرنے سے کم از کم 18سے 20ملین روپے کا نقصان ہوا ہے اور فیض آباد اسٹیشن بند ہے جبکہ پی ٹی آئی کے دھرنے کے باعث میٹرو بس پراجیکٹ کی تکمیل میں سات سے آٹھ ماہ کی تاخیر الگ ہے۔
تازہ ترین