چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی۔
اس موقع پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ہمراہ ان کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی موجود تھیں۔
چیف جسٹس کو پاکستان نیوی کے دستے نے سلامی دی۔ چیف جسٹس نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
بعدازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات میں لکھا کہ بانی پاکستان قائداعظم کے مزار پر چیف جسٹس کی حیثیت سے حاضری اعزاز کی بات ہے۔
چیف جسٹس نے لکھا کہ قائداعظم کی جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں خطے کا سب سے زیادہ آبادی والا مسلم ملک وجود میں آیا۔ برداشت، رواداری اور صرف جمہوری نظام ہی اس وژن کو برقرار رکھتا ہے۔
چیف جسٹس نے لکھا کہ قائداعظم کا نصب العین اتحاد، تنظیم اور یقین محکم تھا، قائداعظم کی ہمشیرہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں، میری اہلیہ سرینا عیسیٰ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے میرے ساتھ ہیں۔