• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ میں بین المذاہب مکالمے کے فروغ کیلئے قرارداد منظور

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بین المذاہب مکالمے کے فروغ کیلئے پاکستان اور فلپائن کی طرف سے مشترکہ طور پر پیش کردہ قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قرار داد میں دنیا میں تعلیم ، تحمل اور تعاون پر مبنی امن اور عدم تشدد کے ماحول کے قیام کیلئے بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔ قرار داد میں تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور حقوق انسانی کے عالمی اعلامیہ کے مطابق تمام انسانی حقوق اور شخصی آزادیوں کے تحفظ کے حوالے سے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ یہ قرار داد پہلی بار امریکا میں 11ستمبر کے حملوں کے ردعمل میں سامنے آنے والے تہذیبوں کے درمیان تصادم کے نظریے کے جواب میں متعارف کرائی گئی تھی۔ اس قرار داد میں امتیازی سلوک اور تشدد پر اکسانے والی مذہبی منافرت کی حمایت کی مذمت کی گئی تھی اور بین المذاہب اور بین الثقافت مکالمے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا تاکہ دنیا میں امن اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
تازہ ترین