• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنوں سے معیشت پر منفی اثرات ہوئے، پی ٹی آئی قیادت کراچی کو وقت نہیں دیتی، تاجر رہنمائوں کے عمران سے شکوے

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تاجر برادری نے گلے شکوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنوں سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، دھرنوں کیلئے کوئی مخصوص جگہ مختص کی جانی چاہیے۔ تاجر برادری نے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کراچی کی قیادت تاجر برادری کو وقت نہیں دیتی اور ایم این اے عارف علوی حلقے میں نظر ہی نہیں آتے۔ تاجر رہنما راشد احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی پی ٹی آئی کو گزشتہ انتخابات میں بے پناہ پذیرائی دی لیکن کراچی سے منتخب ہونے والے پارٹی کے واحد رکن اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نہ حلقے میں نظر آتے ہیں اور نہ ہی بزنس کمیونٹی کی تقریبات میں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کرپشن اور بدعنوانی جیسے موضوعات پر قوم کو بے دھڑک اور دو ٹوک مؤقف بیان کرنا سکھادیا ہے۔ گزشتہ روز شہر قائد میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں تاجروں اور صنعتکاروں ، قائد آباد اور شاہ فیصل کالونی نمبر2 میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو فوری الیکشن کا اعلان کر دینا چاہیے کیونکہ ملک میں کوئی نظام درست نہیں چل رہا، شاہد خاقان عباسی کو کوئی وزیراعظم تسلیم کرتا اور نہ ہی انکی کوئی آواز ہے، وزیر اعظم اور وزرا کرپشن کریں تو ملک تباہ ہوجاتے ہیں، 21 برس سے کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہا ہوں، اگر قبل ازوقت انتخابات نہ ہوئے تو ملک میں خانہ جنگی کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام مسائل بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہیں ، یہاں فنڈز چوری کیے جاتے ہیں، سڑکوں کی حالت خراب ہے، جو رقم بلدیاتی کاموں میں خرچ ہونی چاہیے وہ وزیروں کی جیبوں میں چلی جاتی ہے، آصف علی زرداری کا شاگرد بننے کیلئے مجھے سو مرتبہ مرکر زندہ ہونا ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ تاجروں کے بغیر سرمایہ کاری نہیں بڑھ سکتی، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری ہے، کرپشن نے ملک کے ادارے ختم کر دئیے، پاکستان میں پالیسیاں تاجروں کی مشاورت سے نہیں بنائی جاتیں۔

تازہ ترین