کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گرد حملے میں مرنے والے 8 افراد کی تدفین آج دوپہر گورا قبرستان میں کی جائے گی، جبکہ ایک شخص کی میت تدفین کےلئے لاہور بھجوا دی گئی ہے۔
کوئٹہ میں گزشتہ روز میتھوڈسٹ چرچ میں دہشت گرد حملہ میں مسیحی برادری کے9 افرادجان کی بازی ہار گئے تھے، حملہ میں مرنے والے جارج مسیح کی میت گزشتہ رات لاہور بھجوا دی گئی تھی۔
جارج مسیح چرچ میں چوکیدار کے فرائض سر انجام دیتے تھے اور وہ حملے کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ کانشانہ بنے، مرنےوالوں میں 4 خواتین بھی شامل تھیں۔
حملے میں مرنےوالی ایک خاتون سونا کا شوہر، ایک بیٹا اور دیور بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
دوسری جانب چرچ پر دہشت گرد حملے کےبعد کوئٹہ میں گرجا گھروں کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
گرجاگھروں کی سکیورٹی میں اضافے کافیصلہ گزشتہ روزآئی جی کی زیرصدارت اجلاس میں کیاگیاتھا جس میں چرچ پر دہشت گرد حملے اور اس کےبعد سکیورٹی کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا تھا۔
اس حوالے سے گرجاگھروں میں گڈ فرائیڈے اور کرسمس کے تہوار کے مواقع پر اضافی سکیورٹی اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔