لندن /ہیلی فیکس/برمنگھم/برسلز (زاہد انورمرزا/حافظ انیب راشد/پ ر)برطانیہ و یورپ میں مقیم مختلف پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی، سماجی ،مذہبی شخصیات نے کوئٹہ میں چرچ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چرچ میں دہشت گردی کرنےوالے مجرموں کو فوری گرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے ۔پاکستانی کمیونٹی مشکل کی اس گھڑی میںمسیحی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔یورپی پارلیمنٹ میں پاکستان نژاد رکن امجد بشیر نے کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گرد حملے اور معصوم مردوخواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کے وحشیانہ عمل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا یہ مسیحی برادری یا کسی مذہب پر حملہ نہیں بلکہ کوئٹہ کے پرامن شہریوں پر حملہ ہے۔ امجد بشیر نےکہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان حکومت اور بلوچ بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ استحکام پاکستان کونسل برطانیہ کے صدر زیڈ اے مرزا، سینئر نائب صدر علامہ محمد سجاد رضوی نے بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے چرچ میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے جس کا اظہار پاکستان بارہا کر چکا ہے ۔ ان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر،پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کو اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر اٹھانے کی ضرورت ہے۔دریں اثناجمعیت علمائے برطانیہ اور سواد اعظم اہلسنت والجماعت کے قائدین مولانا سید اسد میاں شیرازی، مولانا محمد اکرم،مولانا قاری عبدالرشید، مولانا جمال بادشاہ گیلانی، مولانا قاری شاہ حسین، مفتی محمد تقی، مولانا محمد شفیق،مولانا محمد احسن،مولانا محمد حامد،مفتی محمد ادریس القاسمی،مولانا عادل فاروق اور دیگر نے کوئٹہ میں چرچ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس حملے کو اسلام، پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف سوچی سمجھی گہری سازش قرار دیتے ہوئے مجرموں کو فی الفور گرفتار کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کے مطالبہ کے ساتھ عیسائی کمیونٹی کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔کشمیر سینٹر برمنگھم کے سرپرست اعلیٰ خواجہ محمد سلیمان نےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے اپنے پیروکاروں کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ کسی دوسرے مذہب کے ماننے والوں کے ساتھ زیادتی نہ کریں اور نہ ہی ان کے عبادت گاہوں پر حملہ آور ہوں۔ خواجہ سلیمان نے کہا کہ اس سے پہلے بھی بلوچستان میں دہشت گردی بھارت کروا رہا تھا اور بھارتی حکمران تو عبادت گاہوں کا احترام نہیں کرتے۔ بابری مسجد کی مثال ہمارے سامنے ہے، بھارت میں انتہا پسند کئی مرتبہ چرچوں کو جلا چکے ہیں پاکستان کی سیکورٹی ایجنسیوں کو چاہئے کہ فوراً انکوائری کرکے ان ظالموں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔پاک سرزمین پارٹی برطانیہ ویورپ کے صدر چوہدری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے مسیحیوں کاخون حکمرانوں پرقرض ہے۔سماج دشمن عناصر اوران کے ایک ایک سہولت کار کونشان عبرت بنادیاجائے۔پاکستان کوامن وآشتی کاگہوارہ بنانے کیلئے پی ایس پی کی قیادت کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔پی ایس پی کے بانی ومرکزی چیئرمین مصطفی کمال سمیت ہماری جماعت کے مرکزی قائدین اورکارکنان اپنے مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔پاکستان کے عوام مذہب اورمسلک کی تفریق کے بغیر شدت پسند عناصر کی سرکوبی کیلئے سربکف ہیں۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمدالطاف شاہدنے مزید کہا کہ بیگناہ شہریوں کی حفاظت کیلئے دہشت گردوں کوپوری طاقت سے کچلناہوگا ۔اگرحکمران سانحہ کوئٹہ اورحالیہ سانحات کے متاثرین کی اشک شوئی نہیں کرسکتے تووہ فوری طورپراقتدار چھوڑدیں۔برسلز سے نمائندہ جنگ کے مطابقکشمیرکونسل یورپ ( ای یو)کے چیئرمین علی رضاسید نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پربہت افسوس اوردکھ ظاہرکیاہے۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ دہشت گردانہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل نفرت ہیں۔ انھوں نے ان واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تشد د اور دہشت گردی کسی بھی صورت میں قابل تحمل نہیں۔ بے گناہ شہریوں پر حملہ آزادی، انسانی اقدار اور انسانیت پر حملہ ہے۔علی رضاسید نے اس موقع پرپاکستان کی عوام اور خاص طورپر اس واقعے میں مارے جانے والے افرادکے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیا۔ انھوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور دنیاکی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور قوم نہیں بلکہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی بیلجیئیم کے عہدے داران شعیب خان صدرسردار صدیق ، ریاض خان، سلیم میمن ، آصف برلاس ، شفیق جٹ، پیپلز پارٹی بلجیم کے حاجی وسیم اختر، چوہدری جاوید، ملک اجمل ، خالد محمود،پہا بلو ، اطہر بلتی ، نواز بٹ ، ڈاکٹر عامر، شیراز بٹ،مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پر ویز، غیاث الدین بھٹی، میاں سعید، حاجی جمیل اختر،عامر نعیم ،میاں شعیب اور دیگر نے بھی کوئٹہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔