میرپورخاص(نامہ نگار)سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس احمد علی ایم شیخ نے میرپورخاص ضلع کے تعلقہ شجاع آباد کے میرواہ میں واقع گورنمنٹ گرلز اسکول کی زبوں حالی کا نوٹس لے لیا اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میرپورخاص سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کے احکامات کی روشنی میں محکمہ ایجوکیشن ورکس میرپورخاص کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو فوری طور پر اسکول کی زبوں حال عمارت کی حالت بہتر کرنے اور اسکول کے گرد چار دیواری تعمیر کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گرلز اسکول کی عمارت انتہائی بوسیدہ ہوچکی ہے،چھتیں اور دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،اور 250سے زیادہ طالبات کو حصول تعلیم میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومت سندھ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے حکام کو بھی اس صورت حال سے متعدد مرتبہ آگاہ کیا گیا ہے لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔