• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاہر القادری سمیت اپوزیشن کیلئے حکومت گرانا ناممکن ہے،تجزیہ کار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ن لیگ حکومت کے مخالفین کامیاب ہوچکے ہیں، اس کامیابی کی بنیاد بلوچستان میں رکھی گئی ہے،طاہر القادری سمیت اپوزیشن کیلئے حکومت گرانا ناممکن ہے، بلوچستان میں حکومتیں گرانا کوئی بڑا کام نہیں ہے، طاہر القادری نے آصف زرداری اور عمران خان کو ایک کاز کیلئے اکٹھا کرلیا ہے،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بنیاد پر پنجاب میں اپنی سیاست کررہی ہیں، طاہر القادری کی تحریک بے مقصد کی راگنی ہے،شہباز شریف کو دیگر صوبوں میں بچیوں سے زیادتی کا ذکر کرنے کے بجائے قصور واقعہ کی ذمہ داری لینی چاہئے تھی،چار سال اور سات سال کی بچیوں کا موازنہ کرنے سے زیادہ شرمناک بات کیا ہوسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار حسن نثار، حفیظ اللہ نیازی، بابر ستار ،امتیاز عالم، مظہر عباس اور ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طاہر القادری کی تحریک قصاص! لاہور میں متحدہ اپوزیشن کا تاریخی جلسہ! کامیابی کی بنیاد کیا ہوگی؟ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ مغرب طویل سفر کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ کسی حکمران کو چار چار سال کی دو مدتوں سے زیادہ نہ رکھا جائے، ایک ہی خاندان دیکھ دیکھ کر عوام بھی متنفر ہوجاتے ہیں، نواز حکومت کے مخالفین کامیاب ہوچکے ہیں،اس کامیابی کی بنیاد بلوچستان میں رکھی گئی ہے، انسانی تاریخ لاشوں پر سیاست سے بھری پڑی ہے، آصف زرداری نے شیخ مجیب کے ساتھ نواز شریف کا موازنہ نہیں کیا،یہ کام نواز شریف ملفوف انداز میں خود کرچکے ہیں۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ مال روڈ کے جلسے میں عوام کی حاضری انتہائی مایوس کن تھی،طاہر القادری سمیت اپوزیشن کیلئے حکومت گرانا ناممکن ہے، بلوچستان میں حکومتیں گرانا کوئی بڑا کام نہیں ہے، پی ٹی آئی کے جلسوں میں عوام کی دلچسپی کم ہوتی جارہی ہے، مصطفی کمال پچیس سال شریک جرم رہے، مصطفی کمال بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں ڈھائی سو بندے جلانے والے مرکزی ملزم کو پارٹی میں شامل کر کے پاک صاف کرچکے ہیں۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ طاہر القادری نے آصف زرداری اور عمران خان کو ایک کاز کیلئے اکٹھا کرلیا ہے، ہمارے ادارے ناکام ہوچکے ہیں، پولیس بندے مار رہی ہے، ایف آئی اے حکومت کے حکم پر چل رہی ہے ، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا شفاف اور تیز ٹرائل کیا جائے یا سپریم کورٹ نوٹس لے، مان لیں کہ ماڈل ٹاؤن پر سیاست ہورہی ہے تو سیاست عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ہی ہوتی ہے، کسی مہذب معاشرے میں چند بیریئرز ہٹانے کیلئے 14 بندے نہیں مارے جاتے ہیں، شریف برادران اور رانا ثناء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نامزد ملزمان ہیں، ایک طرف ہو کر شفاف ٹرائل ہونے دیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کوا نصاف ملنا چاہئے، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بنیاد پر پنجاب میں اپنی سیاست کررہی ہیں،اپوزیشن الیکشن تک پنجاب حکومت کو کمزور کر ناچاہتی ہے۔امتیاز عالم نے کہا کہ طاہر القادری کی تحریک بے مقصد کی راگنی ہے، اپوزیشن پنجاب میں ن لیگ کو اکھاڑنے کی سیاست کررہی ہے، آصف زرداری اور عمران خان دونوں ہی انتخابات کا التوا نہیں چاہتے ہیں، آج کے جلسے سے فائدہ آصف زرداری کو ہوا ہے، انہوں نے لاہور میں اسٹیج پر کھڑے ہو کر پنجاب کے لیڈر کو شیخ مجیب کا ساتھی قرار دیدیا ہے، بچیوں کے ساتھ زیادتی کہیں بھی ہوں سب ہماری بچیاں ہیں، کوئی اسے پنجاب ، سندھ یا خیبرپختونخوا کا معاملہ نہ بنائے۔
تازہ ترین