• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلا کٹ جائے آواز پھر بھی بانی پی ٹی آئی کی آئے گی، عمر ایوب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ گلا کٹ جائے آواز پھر بھی بانی پی ٹی آئی کی آئے گی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر جج طاہر عباس سِپرا نے سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، عمر سلطان، عامر مغل، فیصل جاوید، شبلی فراز اور علی نواز اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

جج طاہر عباس سِپرا نے استفسار کیا کہ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں؟ 

وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ علی امین کے آج کافی کیس ہیں، کسی دوسری عدالت میں موجود ہیں، اس مقدمے میں کافی لوگوں کی ضمانت ہو چکی ہے، آج ہم اس پر دلائل دینا چاہتے ہیں۔ 

 جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور خود آئے نہ ان کا وکیل آیا ہے، ضمانت خارج کرنے کا اصول سب کے لیے ایک ہے۔

پی ٹی آئی وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ ہم سب علی امین کی نمائندگی کر رہے ہیں، سب ان کے معاون وکلاء ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ بابر اعوان بیمار ہیں میری طرف سے وہی دلائل دیں گے۔ 

 جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ بابر اعوان سے زیادہ مجھے عمر ایوب آپ کی طبیعت خراب لگ رہی ہے۔

جس پر عمر ایوب نے کہا کہ گلا کٹ جائے آواز پھر بھی بانی پی ٹی آئی کی آئے گی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست ضمانتوں پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔

’’پورے پاکستان میں ہم سب کیخلاف بوگس کیس بنے ہوئے ہیں‘‘

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ  شبلی فراز، میری اور دیگر ساتھیوں کی کیس میں اگلی تاریخ ہوئی ہے، پورے پاکستان میں ہم سب کے خلاف بوگس کیس بنے ہوئے ہیں۔

عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اسی جوڈیشل کمپلیکس میں بانی پی ٹی آئی آنا چاہ رہے تھے لیکن واویلا مچایا گیا، سازش کےتحت یہاں اور دیگر جگہوں کی سی سی ٹی وی ویڈیو غائب کردی گئی، سی سی ٹی وی ویڈیوز منظر عام پر لانے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید