• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسود برادری کا کراچی میں جرگہ، نقیب قتل کیس کا جائزہ لیا

Mehsud Community Conducted Jirga In Karachi

پولیس کے ہاتھوں نقیب محسود قتل کیس کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے سہراب گوٹھ میں محسود برادری کا جرگہ ہوا،جس میں محسود عمائدین نے نقیب محسود کیس کا جائزہ لیا۔

تین گھنٹے جاری رہنے والےجرگہ میں کراچی، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد اور کے پی کے سے محسود عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

محسود قبائل کےرہنما قیوم محسود نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہا جرگہ میں نقیب قتل کیس کے مقدمہ کے اندراج کیلئے وکلا کے پینل سے بھی بات چیت کی ہے، جرگہ نے فیصلہ کیا ہےکہ راؤ انوار احمد اور پولیس پارٹی کے خلاف نقیب قتل کیس کا مقدمہ معمولی نہیں ہوگا۔

وکلاء کا پینل مکمل قانونی چھان بین کے بعد بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرانے کی منظوری دے گا، جرگہ نے راؤ انوار اور پولیس ٹیم کے خلاف مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نقیب محسود کے اہلخانہ کل سہ پہر کراچی پہنچیں گے، جرگہ نے نقیب محسود کے خاندان کی کل کراچی آمد اور سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

رہنما قیوم محسود کے مطابق ملک بھر سے محسود برادری کے ایم این اے، سینیٹرز اور دیگر رہنما بھی کل جرگہ کے لیے کراچی پہنچ رہے ہیں جبکہ نقیب محسود کے اہلخانہ بھی جرگہ ہاؤس پہنچیں گے، عمائدین ان سے پرسہ اور صلاح مشورہ کریں گے۔

قیوم محسود کا یہ بھی کہنا تھا پولیس کو جرگہ ہائوس بلایا جائے یا اہلخانہ پولیس کے پاس جائیں گے اس کا فیصلہ جرگہ کرے گا۔

تازہ ترین