کوئٹہ (نمائندہ جنگ)کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں ژوب خضدار اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ، کوئٹہ میں گیس اور بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ،محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں ایک ،ژوب میں 2اور خضدار میں 11ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1،ژوب2،سبی5،زیارت صفر،قلات منفی 4،خضدار 7،تربت12،لسبیلہ10اور گوادرمیں12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ، فاٹا، بالائی پنجاب،راولپنڈی،سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہےجبکہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔جبکہ بالائی خیبرپختونخواہ،فاٹا،راولپنڈی ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔علاوہ ازیں بلوچستان کے شمالی علاقوں، زیارت، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑ ی، خانوزئی، برشور، رود ملازئی سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جس کی وجہ سے معاملات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے جبکہ کوئٹہ میں بارش کے بعد شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بارش شروع ہو تے ہی گیس پریشر کے کمی کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے وادی زیارت اور قلات شدید سردی کی لپیٹ میںہیں ، گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیںلکڑیوں اور کوئلہ کی مانگ میں بھی ایک دم اضافہ ہونے کے باعث غریب شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ درایں اثناء پشین سے نامہ نگار کے مطابق پشین منزکی سرانان یاروہیکل زئی طورشاہ برشوراوردیگر علاقوں میں دن بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا توبہ کاکڑی ثابورہ ایجنسی اودیگر علاقوں میں برف باری جاری رہی جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔