متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر فاروق ستار نے پارٹی کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار سابق صدر پرویز مشرف کو قراردیدیا ۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ ‘میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مائنس ٹو کا فارمولہ سابق صدر پرویز مشرف کا ہے،فروغ نسیم نے پارٹی رہنمائوں سے کہا کہ فاروق ستار میں دم نہیں پرویز مشرف ہی اصل لیڈر ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم میں مائنس ٹو فارمولے پر عمل ہوا،23اگست کو ہونے والے مائنس ون کو کارکنوں نے بڑی مشکل سے قبول کیا تھا ۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مائنس ٹو فارمولے کے حوالے سے ان کے پاس ثبوت موجود ہیں، جنرل ورکر اجلاس میں تحلیل کی گئی نام نہاد رابطہ کمیٹی کسی کے ہاتھوں میں استعمال ہورہی ہے ۔
فاروق ستار نے کہا کہ فروغ نسیم جو رابطہ کمیٹی کو تجاویز دے رہیں ہیں برائے مہربانی وہ بند کریں اور قوم کو مزید تقسیم ہونے سے بچائیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ 25 صوبائی ارکان اسمبلی میرے ساتھ ہیں جبکہ 12 ارکان بہادرآباد والوں کے ساتھ ہیں، مجھے لوگوں کوفون کالزآرہی ہیں کہ بتائیں کون سا عہدہ چاہیے۔