کوئٹہ،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،نمائندگان جنگ) کوئٹہ میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کے محافظ 4 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے، اہلکاروں کو لانگو آباد کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے،نماز جنازہ ایف سی ہیڈ کوارٹر کوئٹہ میں ادا کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو سریاب روڈ پر دکانی با با کی زیارت کے قریب لا نگو آباد کے علاقے میں ریلوے ٹریک کی سکیورٹی پر ما مور 4 ایف سی اہلکار دو موٹر سائیکلوں پر گشت کر رہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے نا معلوم مسلح حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لانس نائیک اسلم،لانس نائیک شبیر ،نائیک محمد سعید اور سپا ہی امجد مو قع پر شہید ہوگئے ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی حکام موقع پر پہنچ گئے ، لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ،پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے، تاہم ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق اہلکاروں کو نائن ایم ایم پستول سے نشانہ بنایا گیا جس کے متعدد خول موقع سے قبضے میں لے لیے گئے جبکہ دیگر شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں۔ دریں اثناء شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ایف سی ہیڈ کوارٹر کوئٹہ میں ادا کر دی گئی جس میں وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم با جوہ ،آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم ،صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی،میر عاصم کر د گیلو،غلام دستگیر بادینی ، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حامد اچکزئی ،آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری ،سیکٹر کمانڈر ایف سی برگیڈیئر تصور ،وزرات داخلہ کے اعلی حکام ،کمشنر کوئٹہ امجد علی خان،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ فرخ عتیق سمیت دیگر اعلی سول و عسکری حکا م نے شرکت کی ،نماز جنازہ کے بعد شہید اہلکاروں کی میتوں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیاگیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز پرفائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے بیان میں کہاکہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں،قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہےہماری مسلح افواج ملک کی سلامتی کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں۔ رحمٰن ملک نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دلی دکھ و افسوس ہوا،وری قوم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے،پاکستان دشمن و دہشت گرد عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے، شکست انکا مقدر ہے،قومی اسمبلی میں کو ئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہو نے والے سیکو رٹی فورسزکے جوانوں کے ایصال ثواب کیلئے فا تحہ خوانی کی گئی۔