بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں 4 ایف سی اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔
کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کا مقدمہ پہلی بار سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
ایف سی اہلکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ سریاب کے علاقے لانگو آباد میں 4 ایف سی اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں ایف سی اہلکار کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ خودکش حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے مقدمات متعلقہ تھانوں کے بجائے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیے جائیں گے۔
اعتزاز گورایہ کے مطابق دہشت گردی کے جتنے بھی مقدمات سی ٹی ڈی میں درج ہوں گے، ان کی تفتیش بھی سی ٹی ڈی حکام کریں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے لانگوآباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کو نائن ایم ایم پستول سے نشانہ بنایا گیا تھا۔