کوئٹہ(سٹی ڈیسک) جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالکبیر شاکر نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بنیادی ضروریات زندگی کا فقدان حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے ، عوام پینے کے صاف پانی ، ٹریفک مسائل ، بجلی کی لوڈشیڈنگ اوور بلنگ ، کمرتوڑ مہنگائی و دیگر مسائل کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، شہر میں صفائی و ٹریفک کے نظام کا براحال ہے ، امن و امان کی بحالی حکومت ناکام ہوگئی ہے ، امن کی بحالی کیلئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ٹھیک نہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے شوریکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں ضلع بھر سے ارکان شورینے شرکت کی ، اجلاس میں گزشتہ رپورٹ ، آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت و فیصلے کیے گیے ، مولانا عبدالکبیر شاکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کی لاکھوں کی آبادی کیلئے کوئی میگا پراجیکٹ نہیں ، ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں ، کوئٹہ کے نواحی علاقوں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کا حصول شہریوں کے لیے درد سر بن گیا ہے ، گیس و بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کسی اذیت سے کم نہیں ، حکومتی دعوے اور وعدے سب کاغذوں کی نذر ہوچکے ہیں ، شہر کی آبادی کا بڑا حصہ خاص طور پر گنجان آباد علاقوں میں پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ، انہوں نے ضلعی و صوبائی انتظامیہ اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور سیاسی وابستگی اور مصلحتوں سے بالا تر ہوکر شہریوں کو مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔