• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی انتقال کرگئیں

Legendary Actress Sridevi Passed Away

بالی ووڈ کی پہلی خاتون سپر اسٹار سری دیوی دبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔

سری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور چھوٹی بیٹی خوشی کے ہمراہ ایک شادی میں شرکت کیلئے دبئی میں موجود تھیں جبکہ ان کی بڑی بیٹی جھانوی کپور فلم کی شوٹنگ کے باعث شادی میں شرکت کیلئے نہیں جاسکیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سری دیوی کی موت کے وقت ان کے شوہر اور چھوٹی بیٹی ان کے ساتھ موجود تھے۔

پچپن سالہ اداکارہ 13 اگست 1963 کو تامل ناڈو میں پیدا ہوئیں، ان کا اصل نام شری اما ینگر ایاپن تھا، وہ مشہور اداکارانیل کپور اور سنجے کپور کی بھابھی تھیں۔

سری دیوی نے بونی کپور سے دوسری شادی کی تھی، اس سے قبل انہوں نے متھن چکرابرتی سے شادی کی جو کامیاب نہ ہوسکی۔

سری دیوی کی دو بیٹیاں خوشی اور جھانوی ہیں جبکہ وہ مشہور بالی ووڈ اداکار ارجن کپور کی سوتیلی ماں بھی ہیں۔

لیجنڈری اداکارہ نے بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں دیں جن میں ہمت والا، موالی، تحفہ، نیا قدم، مقصد، ماسٹر جی، نذرانہ، مسٹر انڈیا، وقت کی آواز، خدا گواہ اور چاندنی قابل ذکر ہیں۔

انہوں نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز چار سال کی عمر میں کیا اور کئی تامل، تیلوگو، ملایلم اور کناڈا فلموں میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا۔

سری دیوی نے بالی ووڈ میں 1978 میں قدم رکھا اور اپنی پہلی فلم سولہواں ساون میں مرکزی کردار ادا کیا، ان کی فلم ہمت والا نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، ان کی آخری فلم ’مام‘ تھی جو 2017 میں ریلیز ہوئی۔

اس فلم میں پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور سجل علی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

سری دیوی کی موت کی خبر آتے ہی سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں نے تعزیتی پیغامات بھیجنا شروع کردئیے۔

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ’’میرے پاس الفاظ نہیں، ان سب سے تعزیت جو سری دیوی سے محبت کرتے ہیں‘‘۔

 اداکارہ سشمیتا سین نے لکھا ’’میں نے ابھی ابھی دل کا دورہ پڑنے سے سری دیوی کی موت کی خبر سنی ہے، میں صدمے میں ہوں اور روئے بنا نہیں رہ سکی‘‘۔

 

اداکارہ نیہا دھوپیا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ’’میم سری دیوی کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا، ہم نے عمدہ ترین اداکارہ کو کھودیا، وہ بہت جلد چلی گئیں‘‘۔

 

گلوکار راحت فتح علی خان نے لکھا ’’میں بونی کپور جی اور کپور خاندان سے تعزیت کرتا ہوں، سری دیوی جیسی آئیکن کو کھودینے پر سخت رنجیدہ ہوں‘‘۔

 

قومی کرکٹر کامران اکمل نے ٹوئٹ کیا ’’لیجنڈری بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کی موت کا جان کر دکھ ہوا‘‘۔

 

تازہ ترین