آئی جی پی ایل رائزنگ اسٹار مراکش گالف ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نامور گالفر احمد علی بیگ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر ساتویں پوزیشن حاصل کر لی۔
4 روز تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں احمد علی بیگ نے مجموعی طور پر 11 انڈر پار اسکور کیا اور عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے درمیان پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی۔
احمد علی بیگ کا آغاز توقعات کے مطابق نہ تھا اور وہ پہلے راؤنڈ میں ایک اوور پار اسکور کرنے کے باعث دباؤ کا شکار ہو گئے تھے، تاہم انہوں نے دوسرے راؤنڈ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 6 انڈر پار کھیل کر اپنی پوزیشن بہتر بنائی۔
پاکستانی گالفر نے تیسرے راؤنڈ میں بھی عمدہ کارکردگی برقرار رکھی اور 2 انڈر پار اسکور کیا، جبکہ آخری راؤنڈ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 4 انڈر پار کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا۔
ٹورنامنٹ کا ٹائٹل تھائی لینڈ کے تاناپت پچائیکول نے اپنے نام کیا، جبکہ احمد علی بیگ فاتح سے 6 اسٹروکس پیچھے رہے۔
مراکش میں ہونے والے اس بین الاقوامی ایونٹ میں دنیا بھر سے 144 گالفرز نے شرکت کی، جبکہ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 1 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر رکھی گئی تھی۔