ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ روینہ ٹنڈن کی والدہ کی دیکھ بھال کرنے والی خاتون کو لاکھوں روپے کے زیورات چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
47 سالہ خاتون پر روینہ ٹنڈن کے بھائی راجیو ٹنڈن کے گھر سے تقریباً 25 لاکھ روپے کے زیورات اور قیمتی گھڑیوں کی چوری کا الزام ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمہ 2020 سے روینہ ٹنڈن کے خاندان کے ساتھ منسلک تھی اور اداکارہ کی 86 سالہ والدہ وینا ٹنڈن کی دیکھ بھال کے لیے باقاعدگی سے ان کے گھر آتی جاتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاندان کے قریب ہونے کی وجہ سے اسے گھر کے مختلف حصوں تک رسائی حاصل تھی۔
ممبئی پولیس کے جوہو یونٹ کے مطابق ملزمہ نے خاندان کی رہائش گاہ میں ایک لاکر توڑ کر وینا ٹنڈن کے سونے اور ہیروں کے زیورات اور روینہ کے بھائی فلم پروڈیوسر راجیو ٹنڈن کی دو قیمتی گھڑیاں چرانے کا بھی الزام ہے۔
راجیو ٹنڈن کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق خاندان کو 2 اکتوبر 2025 کو اس وقت چوری کا علم ہوا جب دسہرہ سے قبل زیورات چیک کرنے کے لیے لاکر کھولا گیا۔ اس موقع پر معلوم ہوا کہ لاکر توڑا جا چکا تھا۔
شکایت میں بتایا گیا ہے کہ لاپتہ ہونے والے قیمتی سامان میں سونے کے کنگن، ہار، انگوٹھیاں، بالیاں، ہیروں سے جڑا منگل سوتر اور دیگر ہیرے جڑے زیورات شامل تھے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے تھی۔
خاندان نے زیورات غائب ہونے کا پتہ چلنے پر ملزمہ سے پوچھ گچھ کی، تاہم اس نے ابتدا میں الزامات سے انکار کیا۔ بعد ازاں پولیس شکایت درج ہونے کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق تفتیش کے دوران کچھ چوری شدہ گھڑیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ملزمہ نے مبینہ طور پر خاندان کو بتایا تھا کہ زیورات کسی دوسرے شخص کے حوالے کر دیے گئے ہیں اور وہ جلد واپس مل جائیں گے، لیکن قیمتی سامان واپس نہ کیا گیا۔ اس کے بعد راجیو ٹنڈن نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے باقاعدہ شکایت درج کرائی۔