امریکی ریاست نیو یارک میں اپنے بوائے فرینڈ سے ملنے کیلئے آنیوالی لڑکی نے نوجوان کو اس کے والدین کی موجودگی میں چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ لانگ آئی لینڈ کے علاقے ماسا پیکوا میں واقع گھر کے تہہ خانے میں قائم اپارٹمنٹ کے بیڈ روم میں پیش آیا، جہاں کسی بات پر جھگڑا ہونے کے بعد وہ مبینہ طور پر مشتعل ہوگئی اور اس نے جیب میں رکھے چاقو سے 28 سالہ نوجوان پر حملہ کر دیا۔
زخمی نوجوان حملے کے بعد مدد کے لیے سیڑھیاں چڑھ کر اوپر والدین کے پاس پہنچا اور چیختے ہوئے اپنی والدہ کو آواز دی۔ والدین فوری طور پر اس کی مدد کے لیے آئے اور کچن میں خون روکنے کی کوشش کی، تاہم نوجوان کچھ ہی دیر بعد بے ہوش ہوگیا اور جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق 22 سالہ کرسٹن سکلی کو واقعے کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس پر سیکنڈ ڈگری قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی پیر کی علی الصبح پہلے سے طے شدہ ملاقات کے لیے مقتول کے گھر پہنچی تھی۔ دونوں ایک دوسرے کو کئی سال سے جانتے تھے اور ان کے درمیان دوستانہ تعلقات تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایسے شواہد ملے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں نے ممکنہ طور پر منشیات استعمال کی تھیں، لڑکی کو عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں اس کے خلاف قتل کے الزام کی کارروائی شروع کی گئی۔