• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نے اسٹیل، ایلو مینیم پر ڈیوٹی عائد کر دی، یورپ کاشدید ردعمل

America Imposed Duty On Steel Almunium European Show Extreme Responce

یورپ نے امریکا کی جانب سے اسٹیل اور ایلو مینیم پر یک طرفہ ڈیوٹی عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ بھی جوابی اقدام کرے گا ۔

یورپین کمیشن کے سربراہ جاں کلاڈ جنکر کی جانب سے یہ سخت ردعمل اس وقت سامنے آیا جب گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اسٹیل انڈسٹری کے تحفظ کیلئے درآمد شدہ اسٹیل پر25 فیصد اور ایلو مینیم پر 10 فیصد سرچارج عائد کرنے کا فیصلہ کیا ۔

جاں کلاڈ جنکر نے کہاکہ اس فیصلے سے امریکا کی قومی سلامتی کا کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ فیصلہ صرف اپنی اسٹیل انڈسٹری کے تحفظ کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ جس سے دنیا میں اسٹیل انڈسٹری کے مسائل حل نہیں ہونگے ۔

جاں کلاڈ جنکر نے کہا کہ یورپ عشروں سے امریکا کا اتحادی ہے لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس یکطرفہ فیصلے پر ہم خاموش نہیں رہیں گے اور اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے اس غیر منصفانہ فیصلے سے یورپ میں ہزاروں افراد کے روز گار کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ دوسری جانب یورپین کمشنر برائے تجارت سسلیا مالسٹروم نے کہا کہ امریکا کو سمجھنا چاہیے اسٹیل انڈسٹری کا مسئلہ اوور کیپیسیٹی کا ہے ۔ اس کیلئے یکطرفہ فیصلے کی بجائے تمام فریقین کو شامل کرنا چاہئیے ۔

یورپین ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر کے اس فیصلے سے یورپ کی اسٹیل انڈسٹری میں کام کرنے والے ہزاروں افراد بے روزگار ہو جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق یورپ بھر میں جرمنی امریکا کو سب سے زیادہ سٹیل بر آمد کر تا ہے۔

گذشتہ سال اس نے ایک اعشاریہ 4 ملین ٹن اسٹیل امریکا کو بر آمد کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ امریکی صدر کے اس فیصلے سے کینیڈا برازیل اور چین بھی متاثر ہوں گے ۔ جنہوں نے یورپ ہی کی طرح جوابی تجارتی اقدامات کرنے کی دھمکی دی ہے ۔

تازہ ترین