• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مضاریہ کے نام پر فراڈ کے الزام میں گرفتار ملزم کاجسمانی ریمانڈ

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج شکیل احمد نے مضاریہ کے نام پر اربوں روپے کا فراڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ اشتہاری ملزم یاسر عزیز کو نیب نے دو روز قبل گرفتار کیا تھا۔گزشتہ روز نیب کے تفتیشی افسر مستنصر حسین نے ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ اس سے لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی کے علاوہ دیگر ساتھیوں کے بارے میں تفتیشی کرنی ہے عدالت نے پانچ روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو 9مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے دس اشتہاری ملزمان ناصر لالیکا، عمر لالیکا، عبدالرافع، محمد بشیر، شاہد عزیز اور عبدالرحمان وغیرہ جن کا تعلق سائوتھ پنجاب سے ہے کے ساتھ ملکر الیگزر گروپ کے نام سے ایک کمپنی بنا رکھی تھی جس کا دفتر آئی ایٹ اسلام آباد میں تھا۔ ملزم مضاربہ کے نام پر 2010سے 2013تک لوگوں کو سبز باغ اور زائد نفع کا لالچ دیکر رقم بٹورتے رہے۔ ملزم کا بیرون ملک فرار اشتہاری بھائی شاہد عزیز کمپنی کا ڈائریکٹر تھا اور ملزم خود اس کمپنی کا فنانس سیکرٹری بن کر لوٹ مار کرتا تھا۔ سات ارب روپے کے اس مضاربہ سکینڈل میں ایک مرکزی ملزم آصف جاوید عرف مفتی ابراہیم کو احتساب عدالت کے جج سہیل ناصر نے تیس جون 2015کو نیب کی دفعہ 9(a)ixمیں چودہ سال قید بامشقت اور 205.355ملین روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے عدم ادائیگی جرمانہ پر مزید تین برس قید کی سزا سنائی تھی جبکہ نیب کی دفعہ 9(a)xمیں بھی ملزم کو اتنی ہی سزا اور جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
تازہ ترین