• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا پیٹرولیم قیمتوں میں فی لیٹر 55، 55 روپے اضافے کا اعلان

اسکرین گرایب
اسکرین گرایب

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں علی پرویز ملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55، 55 روپے کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔

اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

علاوہ ازیں حکومت نے پیٹرول پر لیوی 84 روپے 40 پیسے سے بڑھا کر 105 روپے 37 پیسے کردی۔ ڈیزل پر لیوی 76 روپے 21 پیسے سے کم کر کے 55 روپے 24 پیسے فی لیٹر کر دی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 20 روپے97 پیسے فی لیٹر بڑھا دی ہے، ڈیزل پر لیوی 20 روپے97 پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نےکہا کہ کوئی شک نہیں کہ ہم غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں، پڑوس میں شروع ہونے والی صورتحال نے پورے خطے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے صورتحال کے مطابق اپنے ذخائر کو بڑھا لیا تھا، ہماری کوشش ہے کہ بطور ریاست اس کام کو حکمت کے تحت آگے لے کر چلیں۔

علی پرویز ملک نے یہ بھی کہا کہ ناجائز منافع خوری پر وزیراعظم نے سختی سے نوٹس لیا ہے، ان کے خلاف کارروائی ہوگی، حالیہ اضافے کا فیصلہ مجبوری میں کیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں متبادل ذرائع سے بھی پٹرولیم مصنوعات کے لیے سعودی عرب سے رابطہ کیا ہے، ایک حقیقت کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ دنیا میں قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ خطے میں جنگ کی صورتحال ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، وزیراعظم اس متعلق بہت فکر مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آج خود میٹنگ کی ہے، جس میں صورتحال کاجائزہ لیا،اجلاس میں دونوں وزراء، اوگرا اور دوسرے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہم نے دیکھنا ہے کہ کتنا اضافہ کرنا ہے، متوازن کر کے ہم نے کوئی راستہ نکالنا تھا، ہم نے دوسرے ملکوں کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ ساتھیوں کو ساتھ ملا کر کشیدگی کم کرائی جائے، اس کشیدگی کو کم کرنے میں کتنی دیر لگے گی دیکھنا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی دوسرے ممالک سے اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں، 5 روز گزر چکے ہیں روز جائزہ لیتے ہیں، قیمتوں میں ہر روز خطیر اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیں، قیمتوں میں اضافہ کا درآمدات اور برامدات پر کیا اثر ہوگا، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ہمارے پاس ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی خوف و ہراس کی ضرورت نہیں ہے، جو منظر نامہ ہے اس کے مطابق پلاننگ کریں گے، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ چاروں چیف منسٹرز سے بات کریں گے۔

اس سے قبل مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر اضافے کا امکان سامنے آیا تھا۔

نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ملک میں موجود ذخائر اور عالمی قیمتوں میں اضافے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے قیمتوں میں رد و بدل سے متعلق سفارشات پر غور کیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق فیصلہ آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر پیٹرولیم، وزیر تجارت اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر اوگرا، پارکو اور دیگر محکموں نے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر پر بریفنگ دی۔

قومی خبریں سے مزید