• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کیخلاف تفتیش کی سزا،ایف بی آئی کا اعلیٰ اہلکار ’ ’انڈ ریو میکاب ‘‘نوکری سے بر طرف

کراچی(نیوزڈیسک)امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے سرکاری تفتیشی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر انڈریو میکاب کو ان کی نوکری کی مدت ختم ہونے سے چند روز قبل فارغ کر دیا گیا۔اٹارنی جنرل جیف سیشنز کے مطابق ادارے کے اندرونی معاملات کا جائزہ لینے کے بعد یہ ثابت ہوا کہ انڈریو میکاب نے خفیہ معلومات لیک کی تھیں اور تفتیش کرنے والے اہلکاروں کو گمراہ بھی کیا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی میکاب کی برخاستگی کے بعد سوشل میڈیا پیغام میں اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ’’آج کا دن جمہوریت کے لئے زبردست ہے۔‘‘ دوسری جانب اینڈریو میکاب نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، انہیں 2016کے صدارتی انتخاب میں روسی مداخلت پر تفتیش کر نے پر نشانہ بنایا گیا ، ادھر نوکری کی مدت ختم ہونے سے قبل نکال دیے جانے کے بعد اینڈریو میکاب کو ادارے کی جانب سے ملنے والی پنشن اور دیگر فوائد ملیں گے۔ واضح رہے کہ میکاب نے ایف بی آئی میں دو دہایوں سے زیادہ عرصہ نوکری کی ہے۔صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال دسمبر میں بھی سوشل میڈیا پیغام میںمیکاب کی نوکری کی مدت ختم ہونے اور ساتھ ملنے والے فوائد کے بارے میں ذکر کیا اور کہا کہ’’90دن رہے گئے ہیں۔‘‘اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے اینڈریو میکاب کی برخاستگی کا اعلان جمعے کی شب کیا اور کہا کہ ان کے ادارے کی تفتیش سے یہ ثابت ہوا کہ انہوں نے متعدد بار خفیہ معلومات میڈیا کو فراہم کیں۔دوسری جانب اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے میکاب نے جواب میں ان الزامات کی مکمل تردید کی ہے اور کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا،حقیقت یہ ہے کہ مجھے اُس کام کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ہے جو میں نے جیمز کومی کو نوکری سے نکالے جانے کے بعد کیے تھے۔یاد رہے کہ ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی کو گذشتہ سال مئی میں صدر ٹرمپ نے نوکری سے برخاست کر دیا تھا اور ان پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کی صدارتی انتخاب میں حریف ہیلری کلنٹن کی ای میلز کے تنازع کو مناسب طریقے سے ہینڈل نہیں کیا تھا لیکن بعد میں صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ جیمز کومی کو برخاست کرنے میں ان کی روسی مداخلت کی تفتیش کا بھی عمل دخل تھا۔
تازہ ترین