• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کیخلاف یورپی ممالک کی تازہ پابندیاں تیار، قبول نہیں کرینگے، تہران

کراچی، تہران(نیوزڈیسک، رائٹرز، اے ایف پی)ایرانی جوہری معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تحفظات اور اس ضمن میں جاری کردہ الٹی میٹم کے پیش نظر جرمنی، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے ایران پر تازہ پابندیاں عائد کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں تاہم ایران کا کہنا ہےکہ جوہری معاہدے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی قبول نہیں کرینگے۔یورپی دارالحکومت برسلز سے موصول اطلاعات کے مطابق ایران کے متنازع بیلسٹک میزائل پروگرام اور شام میں جاری خانہ جنگی میں ایران کے مبینہ کردار کے نتیجے میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے یورپی یونین کی جانب سے مزید پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کو موصول ایک خفیہ دستاویز میں یہ تجاویز واشنگٹن حکومت کو 2015میں تہران حکومت کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو جاری رکھنے پر آمادہ کرنے کے سلسلے میں کی گئی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق یہ دستاویزات 16مارچ کو یورپی یونین بھیجی گئی ہیں، اس کا مقصد ایران پر نئی مجوزہ پابندیاں عائد کرنے کے سلسلے میں دیگر 28 رکن ممالک کی حمایت حاصل کرنا ہے۔ دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی شامخانی نے کہاہےکہ ایران جوہری معاہدے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی قبول نہیں کریگا ،انہوں نے یورپین ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اس کھیل کو کھلنے سے باز رہیں جو امریکا کھیلتاہے۔
تازہ ترین